سخن وری
کوریائی نظم
وہیل چیئر ڈانس
ہن کانگ
Han Kang
ترجمہ؍ ناصر کریم
مجھے آنسوؤں نے
تو پوری طرح سے گلے سے اتارا نہیں
جس کے کارن مجھے اشک باری کی عادت سی ہونے لگی
جلتی راتوں نے رگ رگ کو اتنے تسلسل سے جھلسا دیا
مجھ سی شب کوش کو
بعد ازاں
خواب زاری کی عادت سی ہونے لگی
چشم نظارہ وا کیجیے
دیکھیے
چرخ کرسی پہ شعلہ فشاں می روم
آتش زیر پا — سوختم می روم
کوئی افسوں نہیں
من نہیں تو نہیں
کوئی موجود تار عدم سے مجھے کھینچ سکتا نہیں
کوئی نار جہنم
کوئی قبر
یا کوئی تکذیب
طوفان برفاب کی چیرتی دھار
مسمار کر سکتی ہے جسم کو
پر میرے گیت کو روک سکتی نہیں
چرخ کرسی پہ شعلہ زدہ رقص کو تھام سکتی نہیں
۰۰۰۰

ہن کانگ
ادب کے نوبیل انعام ۲۰۲۴ء کا اعلان کرتے ہوئے منصفین نے ہن کانگ کو نوبیل انعام کا حق دار قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کِیا: ’’اُن کی پُرزور شاعرانہ نثر کے لیے جو تاریخی صدمات کا مقابلہ کرتی ہے اور انسانی زندگی کی بے ثباتی کو عیاں کرتی ہے۔‘‘ وہ نوبیل انعام پانے والی پہلی کوریائی شاعرہ/ مصنفہ ہیں جب کہ کل نوبیل جیتنے والے کل ۱۱۹ شعرا و ادبا میں سترھویں خاتون ہیں — اُن سے قبل ۱۶ خواتین یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں — اور ایشیا سے نوبیل انعام کے فاتحین میں اُن کا نمبر نواں ہے۔
تصانیف
ہن کانگ نے اپنے ادبی کیریئر کا آغاز ۱۹۹۳ء میں ’’ادب اور معاشرہ‘‘ نامی کوریائی میگزین میں متعدد نظموں کی اشاعت سے کیا۔ اُن کی نثر کی شروعات ۱۹۹۵ء میں افسانوی مجموعے ’’یوہسُو کی محبت‘‘ سے ہوئی (یوہسُو ، جنوبی کوریا کا ایک ساحلی شہر)۔ جس کے فوراً بعد اُن کے بہت سے نثری کام، ناول اور افسانوں کے مجموعے منصۂ شہود پر آئے۔ جن میں سے قابل ذکر ناول ’’تمھارے یخ ہاتھ‘‘ ۲۰۰۲ء ہے۔ ہن کانگ کو نمایاں بین الاقوامی شہرت ۲۰۰۷ء میں اشاعت پذیر ہونے والے اُن کے ناول ’’سبزی خور‘‘ سے ملی جس کا ۲۰۱۵ء میں انگریزی زبان میں ترجمہ ’’دی ویجیٹیرین‘‘‘ کے عنوان سے ہوا۔ اگلی کتاب ’’ہَوا چلتی ہے، جاؤ‘‘ہے، جو ۲۰۱۰ء میں منظرِ عام پر آئی اور دوستی اور فن کے بارے میں ایک ضخیم اور پیچیدہ ناول ہے، جس میں دُکھ اور تبدیلی کی آرزو اپنی بھرپور شدت کے ساتھ موجود ہیں۔
کوریائی زبان میں ۲۰۱۴ء میں شائع ہونے والے ناول ’’انسانی افعال‘‘، جس کا انگریزی میں ترجمہ ۲۰۱۶ء میں ’’ہیومن ایکٹس‘‘کے عنوان سے ہوا۔ ’’یونانی اسباق‘‘- ۲۰۲۳ء، دو غیر محفوظ افراد کے درمیان غیر معمولی تعلق کی ایک دلکش تصویر کشی ہے۔۔ ۲۰۱۳ء کے ناول ’’رُوبہ صحت‘‘ میں ٹانگ کا السر شامل ہے جو ٹھیک ہونے سے انکار کرتا ہے، اور مرکزی کردار اور اس کی مردہ بہن کے مابین ایک تکلیف دہ رشتہ۔ ۲۰۱۶ء میں ہن کانگ کا اگلا پڑاؤ تھا: ’’سفید کتاب‘‘۔ جس کا ترجمہ انگریزی میں اگلے ہی برس ۲۰۱۷ء میں ’’سفید کتاب‘‘ کے عنوان سے ہو گیا۔ اُن کی ایک اور خاص تخلیق اُن کا ۲۰۲۱ء میں منصۂ شہود پر آنے والا تازہ ترین ناول ’’ ہم جدا نہیں ہوتے ‘‘ الم و حزن کی تصویر کشی کے حوالے سے گہرے طور پر ’’ سفید کتاب‘‘سے جڑی ہوئی ہے۔
۰۰۰۰
ناصر کریم
ناصر شاعر اور ماہر تعلیم ہیں۔ وہ ۰۳ ستمبر ۱۹۷۰ء کو میانوالی، پنجاب میں پیدا ہوئے۔ اُنھوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے انگریزی زبان و ادب میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ ۱۹۹۷ء میں پاکستان ایمبیسی کالج میں انگلش لینگویج کے لیکچرر، ۲۰۰۰ء میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بہاول نگر میں انسٹرکٹر اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں کمیونیکیشن سکلز کی حیثیت سے پڑھانے کے بعد اُنھوں نے ۲۰۰۵ء میں اسپرنگ ٹائیڈ سکول کی بنیاد رکھی۔ اُنھوں نے ۲۰۰۰ء میں اردو نظموں کا مجموعہ ’’یہاں بس ریت اُڑتی ہے‘‘ شائع کیا۔ ناصر کریم خان اردو نظموں اور مختصر کہانیوں کے انگریزی میں تراجم بھی کرتے رہتے ہیں۔ اُنھیں ۱۹۸۹ء میں بی بی سی لندن سے بہترین ابھرتے ہوئے شاعر کا ایوارڈ ملا۔
۰۰۰
براہِ کرم فیس بک (Face Book)، انسٹاگرام (Instagram)، اور ٹویٹر (Twitter) کے سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر— اوپر دیے گئے متعلقہ نشان (آئیکن) پر کلک کر کے — ہمارے نقشِ پا دیکھیے اور Follow کیجیے تاکہ آپ جانچ سکیں کہ ہم کس طرح اردو زبان کی ترقی و ترویج کی خاطر تراجم کے واسطے سے اس کے فروغ اور آپ کی زبان میں ہونے والے عالمی ادب کے شہ پاروں کے تراجم کی رسائی دنیا بھر میں کرنے کی سعی کر رہے ہیں ۔ ہم آپ سے ملتمس ہیں کہ آپ بھی اپنے طور پر انھیں دنیا کے ساتھ بانٹ کر (شیئر کر کے) ہماری ان کاوشوں میں اپنا حصہ ڈالیں۔
1 thought on “وہیل چیئر ڈانس؍ ہن کانگ؍ ناصر کریم”
شاندار اسلوب