نوبیل خطبہ
نوبیل انعام برائے ادب ،۲۰۲۱ء
لکھنا
عبدالرزاق گرناہ
Abdulrazak Gurnah
تعارف و ترجمہ؍نجم الدّین احمد
(دسمبر۷؍ ۲۰۲۱ء)

چونکہ اس کا (لکھت کا) معاملہ کسی نہ کسی طور انسانی زندگی ہوتا ہے اس لیے جلد یا بدیر ظلم اور محبت اور کمزوری اس کا موضوع بن جاتا ہے۔ میرا یقین ہے کہ لکھت کو تصویر کا دوسرا رخ بھی دکھانا پڑتا ہے ، وہ جسے سخت نظر رکھنے والی آنکھ نہیں دیکھ پاتی۔ —عبدالرزاق گرناہ
لکھناہمیشہ سے لطف انگیزرہاہے۔مَیں اپنے لڑکپن میں سکول میں بھی کہانی لکھنے کے لیے، یا جو کچھ ہمارے اساتذہ نے سوچا ہوتا کہ ہمارے لیے باعثِ دلچسپی ہوگا، مقرر جماعت کا کسی بھی دوسری جماعت سے زیادہ انتظار کِیا کرتا تھا۔ پھر سب چپ چاپ اپنی اپنی میزپر جھک کر اپنی یادداشت اور تخیل سے کچھ قابلِ تحریررقم کرنے لگتے۔ جوانی کی اِن کاوشوں میں، خاص طورپر کچھ کہنے؛ کسی یادگار تجربے کودھرانے؛ اپنی کسی رائے پرثابت قدمی کے اظہار یا شکایت کی بھڑاس نکالنے کوئی تمنّا نہیں ہوتی تھی۔ نہ ہی اِن کاوشوں کے لیے استاذکے علاوہ، جو ہماری کاوشوں کو بہتر بنانےکے لیے حوصلہ افزائی کرتے تھے؛ کسی دوسرے قاری کی ضرورت تھی۔ مَیں نے اس لیے لکھا کہ مجھے لکھنے کی ہدایت کی گئی تھی، اوراِس لیے کہ مجھے اِس مشق میں بے انتہا حظ ملتا تھا۔
برسوں بعد،جب مَیں خودسکول ٹیچر تھا، مجھے یہی تجربہ الٹا ہونا تھا کہ مَیں پُرسکوت کمرہ ِٔ جماعت میں بیٹھا رہتا جب کہ شاگرد اپنے اپنے کام میں جُت جاتے تھے۔ اِس سے مجھے ڈی ایچ لارنس کی ایک نظم یاد آ گئی۔ جس سے اب مَیں چند سطروں کا حوالہ دوں گا:
’’سکول کی بہترین چیز‘‘سےسطریں:
جب مَیں جماعت میں ایک طرف تنہا بیٹھا
لڑکوں کواُن کے موسم گرماکے لباس میں
اُنھیں لکھتے، اُن کے گول سروں کو مگن جھکے دیکھتا ہوں
اورپھر وہ ایک ایک کرکے اٹھتے ہیں
اُس کاچہرہ مجھے تکتاہے،
بہت دھیان سے سوچتاہوا،
گویاوہ دیکھتے ہوئے بھی کچھ نہیں دیکھ رہا
اورپھروہ ذراسی مسرت کے ساتھ دوبارہ جھکتاہے
اپنے کام کے سنسنی میں وہ پھرمجھ سے منھ موڑلیتاہے
جووہ چاہتاتھا اُسے کھوج کے،جواُسے درکارتھا اُسے پا کے۔
مَیں لکھت کی جس جماعت کی بات کر رہا تھا اورجس کی مجھے یہ نظم یاد دلاتی ہے، وہ اُس طرح نہیں لکھ رہی تھی جس کابعد میں معلوم ہوتا۔ اسے تحریک دی گئی تھی نہ کوئی ہدایت، کام کیا گیا تھا نہ کیے گئے کام کو غیر مختتم طور پر دوبارہ منظم کیا گیا تھا۔ جوانی کی ان کوششوں میں میں نے ایک لکیر کے فقیر کے مانند لکھا، یوں کہہ لیجیے کہ بناء کسی ہچکچاہٹ یا اصلاح کے، بغیر کسی تصنع کے۔ میں نے مطالعہ بھی ایک نوع کی بے دلی کے ساتھ کیا، اسی طرح بغیر کسی سمت کے تعین کے، اور تب میں اس سے بھی آگاہ نہیں تھا کہ میری یہ سرگرمیاں کس حد تک مربوط تھیں۔
بعض اوقات، جب اسکول کے لیےعلی الصبح جاگنا ضروری نہیں ہوتا تھا، میں رات گئے تک پڑھتا رہتا کہ میرے والد، جو خود بے خوابی کا شکار تھے، مجبور ہو کر میرے کمرے میں آنے پر مجبور ہو کر مجھے بتی گل کرنے کا حکم دے دیتے تھے۔ تو ان سے یہ کہنے کی بھی جسارت نہیں کی جا سکتی تھی کہ وہ خود ابھی تک جاگ رہے ہیں تو میں کیوں نہیں جاگ سکتا کیونکہ اپنے والد سے اس طرح بات کرنا سلیقہ مندی نہیں تھی ۔ بہرصورت ، وہ تاریکی میں اپنی بے خوابی سہتے، بتی گل رکھتے تاکہ میری والدہ تنگ نہ ہوں، اس لیے بتی گل رکھنے کی ہدایت ابھی تک برقرار ہے۔
بعدمیں جولکھنااورپڑھناآیا اس کاموازنہ جوانی کے بے ہنگم تجربے سے کیا ، لیکن یہ ہمیشہ مسرت آگیں ہی رہا اور شاید کبھی کبھار ہی جہد بنا ہو ۔ تاہم دھیرے دھیرے یہ بھی ایک مختلف قسم کی مسرت بن گیا۔ مجھے انگلستان میں بس جانے تک اس امر کا پوری طرح احساس نہیں ہوا تھا ۔ وہاں اپنی گھر کی ہڑک اور ایک اجنبی کی زندگی کی اذیت کے درمیان، میں نے جس قدر غوروخوض کرنا شروع کیا اس سے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔ افلاس و بیگانگی کے اس طویل دور سے نکل کر میں نے مختلف قسم کی تحریریں رقم کرنا شروع کیں۔ مجھ پر واضح ہو ا کہ مجھے کچھ کہنے کی ضرورت ہے۔ یہ کہ مجھے ایک کام کرنا ہے، یاس زدگیوں اور شکایات سے جان چھڑا کر غوروفکر کرنا ہے۔
سب سے پہلے تومیں نے اس پرتفکر کیاکہ میں اپنے گھر سے لاابالی پن میں پرواز کر کے اپنے پیچھے کیا چھوڑا تھا ۔ ۱۹۶۰ء کی دہائی کے وسط میں ہماری زندگیوں پر ایک گہرا بھونچال نازل ہوا، جس کے حق و ناحق واقعات: نظربندیاں، پھانسیاں، بے دخلیاں، اور غیر مختتم چھوٹی بڑی بے توقیریاں اورجور و جبر اس بربریت نے، جو اپنے ہمراہ ۱۹۶۴ء میں برپاہونے والاانقلاب سے تبدیلیاں لائی تھی، دھندلاڈالی تھیں۔ ان واقعات کے درمیان اورایک نوجوان کے ذہن کے حامل کے لیے جو کچھ ہو رہا تھا کے تاریخی اور مستقبل کے مضمرات کے بارے میں بیّن طور پر سوچنا ناممکن تھا۔
میں انگلستان میں قیام کے ابتدائی سالوں ہی کے دوران میں ایسے مسائل پر غوروخوض کرنے، ان بدصورتیوں پر سوچ بچار کرنے کا اہل تھا جوہم ایک دوسرے پر مسلط کرسکتے تھے، اوران دروغ گوئیوں اور فریبوں کو مکرر جانچنے کے قابل تھا جن سے ہم نے خودکو تسلی دی تھی۔
ہماری تاریخ جانبدارتھی،بے شمارمظالم پرچپ۔ ہماری سیاست کونسلی رنگ دیاگیا جوانقلاب کے بعدہونے والے ظلم و ستم کاراست سبب بنا کہ باپوں کوان کے بچوں کے سامنے ذبح کیا گیا اور بیٹیوں کوان کی ماؤں کے سامنے زدوکوب کیا گیا۔ ان سانحات سے بہت دور انگلستان میں بستے ہوئے بھی میں ذہنی طورپر ان کی وجہ سےازحد پریشان رہا۔ ممکن ہے کہ میں ایسی یادوں کی قوت کامقابلہ کرنے کااہل نہیں تھا جتنا میں ان لوگوں میں رہتے ہوئے ہوتا جو اَب تک ان کے عواقب بھگت رہے تھے۔ لیکن میں دوسری یادوں سے بھی دِق تھا جن کاان واقعات سے کوئی واسطہ نہیں تھا: والدین کی جانب سے اپنے بچوں پر ڈھائے جانے والے ظلم، جس طرح سے لوگوں کو سماجی یا صنفی بنیاد پر مکمل اظہار سے منع کیا گیا، عدم مساوات اورانحصاریت کوسہنے والی تیسرے درجے کی درماندگی۔
یہ تمام معاملات انسانی زندگی میں موجودہیں اورہمارے لیے غیرمعمولی نہیں، لیکن یہ ہمہ وقت آپ کے ذہن پر سوار نہیں رہتے جب تک کہ حالات آپ کو ان سے آگاہی کا تقاضا نہ کریں۔ مجھے شبہ ہے کہ یہ ان لوگوں کے لیے ایک بوجھ ہے جو صدمے سے بھاگ کراپنے آپ کوپیچھے چھوٹ جانے والوں سے دور محفوظ طور پر رستا بستا پاتے ہیں۔ آخرش میں نے ان میں سے کچھ مظاہر کے بارے میں لکھنا شروع کیا، مربوط یا منظم انداز میں نہیں، اب تک نہیں، بس اپنے ذہن میں موجود الجھنوں اور غیر یقینی صورتحال کی صراحت کی تسکین کی خاطر۔
تاہم،وقت بیتنے کے ساتھ ساتھ یہ واضح ہوتاچلا گیا کہ نہایت تشویش ناک کچھ ہورہا ہے۔ وقوع پذیر کوبدل کر، یہاں تک کہ مٹا کے ایک نئی،سہل تاریخ مرتب کی جارہی تھی، لمحۂ موجود کے حقائق کے مطابق تشکیلِ نو کی جارہی تھی۔
یہ نئی اور سادہ تاریخ نہ صرف ان فاتحین کا ناگزیر کام تھا، جو ہمیشہ اپنی پسند کا بیانیہ تشکیل دینے پر قادر ہوتے ہیں، بلکہ یہ ان مبصرین، علماء اور حد یہ کہ مصنفین کے لیے بھی موزوں تھا ، جنھیں ہم سے کوئی حقیقی دلچسپی نہیں تھی یا جو ہمیں ایک ایسے چوکھٹے میں سے دیکھ رہے تھے جو دنیا کے بارے میں ان کے نظریہ سے ہم آہنگ تھا، اور جنھیں نسلی آزادی اور ترقی کے لیے ایک مانوس بیانیے کی ضرورت تھی۔ اس کے بعد ضروری ہو گیا تھا کہ ایسی تاریخ کو مسترد کیا جائے، جس میں عہدِ گزشہ کی شہادت دینے والی ان مادی اشیاء کو، ان عمارتوں، کامیابیوں اور حساسیتوں کو، جنھوں نے زندگی کو ممکن بنایا تھا، نظر انداز کیا تھا ۔
کئی برسوں بعد، میں اس قصبے کی گلیوں میں سے گزرا جن میں مَیں پلا بڑھا تھا اور میں نے اشیاء ، مقامات اور لوگوں کی تنزلی دیکھی، جو اپنے سفید بالوں اور بغیر دانتوں والے منھوں کے ساتھ اپنے ماضی کی یادوں کے کھو جانے کے خوف میں رہتے ہیں۔ اس یاد کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرنا، جو کچھ تھا اس کے بارے میں، ان لمحات اور کہانیوں کو بازیافت کرنا جن کے ذریعے لوگ اپنی زندگیاں بسر کرتے تھے اور جن کے ذریعے وہ خود آگاہی پاتے تھے، لکھنا لازم ہو گیا ۔ ان ایذارسانیوں اور مظالم کے بارے میں لکھنا ضروری تھا جنھیں ہمارے حکمرانوں کی خود تحسینی نے ہماری یادداشت سے محو کرنا چاہا تھا۔
تاریخ کی ایک اور تفہیم پر بھی توجہ دینا ضروری تھا، جو مجھے پر تب ہی واضح ہو گئی تھی جب میں انگلستان میں اس کے ماخذ کے قریب ہی قیام پذیرتھا، اس سے بھی زیادہ واضح جب میں زنجیبار میں اپنی نوآبادیاتی تعلیم کے مرحلے سے گزر رہا تھا۔ ہم، ہماری نسل سے تعلق رکھنے والے، استعمار کی اولاد اس طرح سے تھے جس طرح نہ ہمارے والدین اور نہ ہی ہمارے بعد آنے والی نسل تھی، یا کم از کم وہ لوگ ہماری طرح سے نہیں تھے۔ اس سے میری مراد یہ نہیں ہے کہ ہم ان چیزوں سے الگ ہو گئے تھے جن کی ہمارے والدین قدر کرتے تھے یا جو ہمارے بعد کی نسل نوآبادیاتی اثرات سے آزاد تھی۔
میرامطلب یہ ہے کہ ہم انتہادرجے کی سامراجیت کے، جوکم ازکم دنیا میں ہمارے خطوں پرتو تھی، اس عہد میں پلے بڑھے اورتعلیم پائی جب تسلط نے اپنی اصلیت کو خوشامد میں چھپا لیا تھا اورہم چوپہلو دھوکے پر متفق ہو گئے تھے۔ میں پورے خطے میں نوآبادیات کے خاتمے کے کی مہمات سے قبل کے اس دور کاحوالہ دیتا ہوں جب انھوں نے اپنے عروج پر پہنچ کر ہماری توجہ نوآبادیاتی حکمرانی کی پستی کی جانب مبذول کروائی۔ ہمارے بعد کی نسل کے پاس اپنی تشفی کے لیے نوآبادیاتی دور کے بعدکی اپنی مایوسی اورخود فریبی تھی، اورشاید انھوں نے واضح طور پر یا اتنی گہرائی میں نہیں دیکھا تھا کہ نوآبادیاتی تصادم نے ہماری زندگیوں کو کس طرح بدل کر رکھ دیا تھا، کہ ہماری بدعنوانی اور بدانتظامی بھی کسی حد تک اس نوآبادیاتی میراث کا حصہ تھی۔
ان میں سے کچھ معاملات انگلستان ہی میں مجھ پرواضح ہوگئے تھے، اس لیے نہیں کہ میری ان لوگوں سے ملاقات رہی جنھوں نے میرے ساتھ دورانِ گفتگو میں یا کمرۂ جماعت میں ان کی وضاحت کی بلکہ یوں کہ میں نےیہ بات بہتر طورپر سمجھنے کی کوشش کی کہ مجھ جیسا شخص اپنی کہانیوں میں سے کچھ کوکیسے سمجھتا ہے: اپنی تحریروں میں اورعمومی گفتگو میں، ٹی وی اوردیگر تمام مقامات پرنسل پرستانہ لطیفوں کا خیرمقدم کرنے والے مزاحیہ پروگراموں میں،غیر جبری عداوت میں، دکانوں، دفتروں، بس میں روزانہ میراواسطہ ان سے پڑا ۔میں اپنے اس استقبال پرکچھ نہیں کرسکتا تھا،لیکن جیسا کہ میں نے زیادہ سمجھ بوجھ کے ساتھ مطالعہ کرنا سیکھا ، پس اس سے ان لوگوں کے، جنھوں نے ہمیں حقیر اور کمتر سمجھا، اپنے آپ کو یقین دلائے گئے خلاصے کومسترد کرتے ہوئے میرے اندر لکھنے کی خواہش نے جنم لیا۔
لیکن لکھت محض محاذ آرائی اور مجادلوں کے بارے میں نہیں ہو سکتی، خواہ یہ حوصلہ افزا اور تسلی بخش ہی ہو۔ لکھت کسی ایک چیز کے بارے میں نہیں ہوتی، اِس یا اُس مسئلے کے متعلق نہیں ہوتی، یا اِس یا اُس فکر کے بارے میں نہیں ہوتی، اور چونکہ اس کا معاملہ کسی نہ کسی طور انسانی زندگی ہوتا ہے اس لیے جلد یا بدیر ظلم اور محبت اور کمزوری اس کا موضوع بن جاتا ہے۔ میرا یقین ہے کہ لکھت کو تصویر کا دوسرا رخ بھی دکھانا پڑتا ہے ، وہ جسے سخت نظر رکھنے والی آنکھ نہیں دیکھ پاتی، جو لوگ بظاہر پست قامت ہوتے ہیں وہ دوسروں کی حقارت سے قطع نظر اپنے اندر خود اعتمادی کا اطمینان محسوس کرتے ہیں۔
اس لیے میں نے اس موضوع پر لکھنا اور دیانت داری سے اپنا کام کرنا ضروری سمجھا تاکہ بدصورتی اور خوبی دونوں سامنے آجائیں اور انسان سادگی اور دقیانوسیت سے باہر نکلتے دکھائی دیں۔ جب یہ چیز کام کرتی ہے تو اس سے ایک قسم کی خوبصورتی نمودار ہوتی ہے۔
اور دیکھنے کا یہ طریقہ نحیفی و نزاری کو، ظلم کے درمیان حلیمی کو جگہ دیتا ہے، اور غیبی وسائل میں مہربانی کی گنجائش پیدا کرتا ہے۔ یہی وجوہات ہیں کہ لکھنا میرے لیے میری زندگی کا ایک قابل قدر اور جاذب نظر جزو رہا ہے۔ یقینا اس کے علاوہ اور بھی چیزیں ہیں، لیکن وہ اس موقع پر ہمارے لیے محل نہیں۔ کچھ معجزانہ طور پر، تحریر میں جوانی کی وہ سرخوشی، جس کی میں نے آغاز میں بات کی تھی، ان تمام دہائیوں کے بعد آج بھی موجود ہے۔
مجھے اور میرے کام کو یہ عظیم اعزاز عطا کرنے کے لیے سویڈش اکیڈمی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ختم کرتا ہوں۔ میں ازحد ممنون ہوں۔
۰۰۰
عبدالرزاق گرناہ

نوبیل انعام برائے ادب ۲۰۲۱ء کی جیوری کے مطابق عبدالرزاق گرناہ کو انعام سے نوازنے پر جس امر نے انھیں تحریک دی، وہ تھا: ’’ان کے نوآبادیاتی اثرات اور ثقافتوں اور براعظموں کے درمیان خلیج میں پناہ گزینوں کی تقدیر پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر ہمدردانہ جز رسی۔‘‘
عبدالرزاق گرناہ کی تمام تخلیقات میں پناہ گزینوں کی کسمپرسی موضوع ہے۔ ان کے ناولوں میں ثقافتی طور پر متنوع مشرقی افریقا کی منظر کشی کی گئی ہے۔ گرناہ کی سچائی کے لیے لگن اور معاملات کو سادگی کا روپ دینے پر ان کی کراہت و زودرنجی قابل ذکرہیں۔ یہ انھیں رنجیدہ اور غیر سمجھوتہ کرنے والا بنا سکتے ہیں۔ تاہم بہ ایں ہمہ وہ نہایت ہمدردی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ افراد کی تقدیر کے متعاقب بھی ہوتے ہیں۔
مختصر سوانح
ناول نگارعبدالرزاق گرناہ ۲۰ دسمبر ۱۹۴۸ء کو مشرقی افریقا میں بحرہند میں واقع جزیرہ سلطنتِ زنجیبار، تنزانیہ میں پیدا ہوئے اورپلے بڑھے لیکن ۱۹۶۰ء کی دہائی کے آخر میں وہ اپنادیس چھوڑنے پر مجبور ہوکر انگلستان میں آباد ہو گئے۔ دسمبر ۱۹۶۳ء میں برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی کے بعد زنجیبار صدر عبید کروم کے دور حکومت میں ایک انقلاب سے گزرا جس میں عرب نژاد شہریوں پر جوروظلم ہوا۔ قتل عام ہوا۔ گرناہ کاتعلق متاثرہ نسلی گروہ سے تھا اورسکول کی تعلیم ختم کرنے کے بعد ان کو اپنا خاندان کو چھوڑ کر ملک بدری پر مجبور کیا گیا ۔ اس وقت تک تنزانیہ کی نو تشکیل شدہ جمہوریہ تھا۔ ان کی عمر اٹھارہ سال تھی۔ ۱۹۸۴ء تک ان کے لیے زنجیبار لوٹنا ممکن نہیں ہوا، جب انھیں اپنے والد کی موت سے کچھ دیر پہلے ان سے ملنے کی اجازت ملی۔
گرناہ اپنی ریٹائرمنٹ تک کینٹربری کی کینٹ یونیورسٹی میں انگریزی اور ’’مابعد نوآبادیاتی ادب‘‘ کے پروفیسر رہے ہیں، جو بنیادی طور پر وولے سوینکا (Wole Sovinka)، گوگی وا تھیونگ (Ngũgĩ wa Thiong’o) اور سلمان رشدی جیسے مصنفین کے کام اپنا مرکزِ نگاہ بناتا ہے۔
تخلیقات
عبدالرزاق گرناہ کے دس ناول اور متعدد مختصر کہانیاں منصۂ شہود پر آئیں۔ان کے اہم ناولوں میں ’روانگی کی یاد، ۱۹۹۸۷ء‘،’حجاج کا راستہ، ۱۹۸۸ء، ’ڈوٹی، ۱۹۹۰ء‘، ’جنت، ۱۹۹۴ء‘، ’خاموشی کی تحسین ، ۱۹۹۶ء‘، ’سمندر کنارے، ۲۰۰۱ء‘، ’تنہائی، ۲۰۰۵ء‘، ’سنگ دل، ۲۰۱۷ء‘ اور تازہ ترین ناول ’ بعد از مرگ، ۲۰۲۰ء‘ پناہ گزینوں کی کسمپرسی کا موضوع ان کی تمام تخلیقات میں شامل ہے۔ انھوں نے انگلستان میں جلاوطنی کے دوران میں ۲۱ برس کی عمر میں لکھنے کا آغاز کیا، اور اگرچہ سواحلی ان کی مادری زبان تھی لیکن انگریزی ان کا ادبی ہتھیار بنی۔ انھوں نے کہا ہے کہ زنجیبار میں، سواحلی ادب تک ان کی رسائی تقریباً صفر تھی اور ان کی ابتدائی تحاریر کو بلااستثنا ادب میں شمار نہیں کیا جا سکتا۔
عربی اور فارسی شاعری، خاص طور پر ’’دی عریبین نائٹس‘‘، ان کے لیے ابتدائی اور اہم سرچشمہ تھیں ۔ لیکن شیکسپیئر سے وی ایس نائپال تک انگریزی زبان کی روایت ان کے کام کو خاص امتیاز بخشے گی۔ کہا جاتا ہے کہ اس بات پر زور دیا جانا چاہیے کہ وہ نوآبادیاتی نقطہ نظر کو الٹا ٹانگتے ہوئے مقامی آبادیوں کو اجاگر کرنے کے لیے شعوری طور پر روایت کو توڑتا ہے۔
تخلیقات کا لوکیل
عبدالرزاق گرناہ میں، کہانی افریقی سرزمین پر جاری رہتی ہے اور حقیقت میں کبھی ختم نہیں ہوتی۔ انھوں نے اپنی تمام تصانیف میں نوآبادیاتی سے پہلے کے پراچین افریقا کے لیے جا بہ جا موجود اپنی پرانی یادوں سے بچنے کی سعی کی ہے۔ ان کا اپنا پس منظر بحر ہند کا ثقافتی طور پر ایک متنوع جزیرہ ہے، جس کی تاریخ میں غلاموں کی تجارت اور متعدد نوآبادیاتی طاقتوں کے — پرتگالی، عرب، جرمن اور برطانوی — زیرنگیں جبر کی مختلف شکلیں اور دنیا بھر کے ساتھ تجارتی روابط ہیں۔ زنجبیار عالمگیریت سے پہلے ایک کثیرالثقافتی معاشرہ تھا۔
جلاوطنی اور پناہ گزینی کی تخلیقات
گرناہ کی لکھتیں ان کے جلاوطنی کے زمانے کی ہے لیکن ان کاتعلق اس جگہ سے ہے جسے وہ چھوڑ چکے تھے یعنی ان کے عمل تخلیق کے لیے یادداشت نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ گرناہ اکثر اپنی احتیاط سے تیار کردہ داستانوں کو بہ دقت حاصل کردہ بصیرت تک لے کرجاتا ہے۔ پناہ گزینوں کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے گرناہ کے بیانیے میں توجہ شناخت اوراپنے تصور پر مرکوز رہتی ہے، گرناہ کے سیلانی کردار اپنے آپ کو ثقافتوں اور براعظموں کے درمیان ایک ٹوٹی ہوئی کڑی میں، ماضی کی زندگی تھی اورابھرتی ہوئی زندگی کے مابین پاتے ہیں، جوعدم تحفظ کی ایک حالت ہے جس کاکوئی علاج نہیں۔ ہمیں اس ٹوٹی ہوئی کڑی کی ایک نئی شکل گرناہ کے افسانوی ادب میں ملتی ہے۔ جہاں نوآبادیاتی مشرقی افریقا میں وسیع ثقافتی فرق کوروشن کرنے کے لیے ایک المناک جذبہ برتا جاتا ہے۔
عبدالرزاق گرناہ کے ناول دقیانوسی بیانات سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے ثقافتی طور پر متنوع مشرقی افریقا کی طرف ہماری آنکھیں کھولتے ہیں جس سے دنیا کےدیگر حصوں کےبے شمار لوگوں ناآشنا ہیں۔ گرناہ کی ادبی کائنات میں، سب کچھ بدل رہا ہے — یادیں، نام، شناخت۔ غالباً ایسا اس لیے ہے کہ ان کا منصوبہ کسی بھی صورت حتمی تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ فکری جذبے سے چلنے والی ایک نہ ختم ہونے والی کھوج ان کی تمام کتابوں میں بخوبی موجود اور نمایاں ہے۔
اعزازات
عبدالرزاق گرنا کے ناول ’جنت، ۱۹۹۴ء‘بکر اور وائٹ بریڈ پرائز دونوں کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ ’سمندر کنارے، ۲۰۰۱ء‘ بکر کے لیے لانگ لسٹ اور لاس اینجلس ٹائمز بک پرائز کے لیے شارٹ لسٹ ہوا۔ اور ’تنہائی، ۲۰۰۵ء‘ کامن ویلتھ رائٹرز پرائز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ ۲۰۰۶ء میں گرناہ کو رائل سوسائٹی آف لٹریچر کا فیلو منتخب کیا گیا۔ ۲۰۰۷ء میں، ان کے ناول ’سمندر کنارے‘ نے فرانس کا آر ایف آئی ٹیموئن ڈُو مونڈے (وِٹنیس آف دی ورلڈ) ایوارڈ جیتا۔
۰۰۰
عبدالرزاق گرناہ کی تحریروں کے مزید تراجم
عبدالرزاق گرناہ کی تحریروں کےتمام تراجم

نجم الدّین احمد
نجم الدین احمد ۰۲ جون ۱۹۷۱ء کو بہاول نگر ، پنجاب میں پیدا ہوئے۔ وہ انگریزی ادب میں ایم اے ہیں۔ وہ ناول نویس، افسانہ نگار اور مترجم ہیں۔ اُن کے اب تک تین ناول: ’’مدفن‘‘،’’کھوج‘‘ اور ’’سہیم‘‘؛ دو افسانوی مجموعے: ’’آؤ بھائی کھیلیں‘‘اور ’’فرار اور دوسرے افسانے‘‘؛عالمی افسانوی ادب سے تراجم کی سات کتب: ’’بہترین امریکی کہانیاں‘‘، ’’نوبیل انعام یافتہ ادیبوں کی منتخب کہانیاں‘‘، ’’عالمی افسانہ-۱‘‘، ’’فسانۂ عالم (منتخب نوبیل کہانیاں)‘‘، ’’پلوتا (سرائیکی ناول از سلیم شہزاد)‘‘، ’’کافکا بر لبِ ساحل (جاپانی ناول ازو ہاروکی موراکامی)‘‘، ’’کتاب دَدَہ گُرگود (ترک/آذر بائیجان کی قدیم رزمیہ داستان‘‘شائع ہو چکی ہیں۔
علاوہ ازیں نجم الدین احمد نے حکومتِ پنجاب کی جانب سے انگریزی زبان میں’’ڈسٹرکٹ گزٹیئر ضلع بہاول نگر ۲۰۲۱ء‘‘بھی تحریر و تالیف کیا، جسے حکومتِ پنجاب کی سائٹ پرشائع کیا گیا ہے۔ اُن کی تصانیف پر اب تک انھیں رائٹرز گلڈ ایوارڈ۔۲۰۱۳ء، یو بی ایل ایوارڈ۔ ۲۰۱۷ء اور قومی ادبی ایوارڈ۔ ۲۰۱۹ء سے نوازا جا چکا ہے۔اُن کا ناول یوبی ایل ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ بھی ہوا۔
۰۰۰
