

رسکن بونڈ انگریزی زبان کے شاعر اور مصنف ہیں اور تعلق ہندوستان سے ہے ۔ ان کے والد اوبرے الیگزینڈر بونڈ برطانوی جب کہ والدہ ایڈتھ کلارک اینگلو انڈین تھیں۔ اسی لیے انھوں نے اپنی تخلیقات کے لیے انگریزی زبان کو ذریعہ اظہار بنایا۔ وہ اپنی کہانیوں ،ناولوں اور بچوں کے ادب کے لیے معروف ہیں۔ انھوں نے بچوں کے لیے ۵۰۰ سے زائد کہانیاں، مضامین اور ناول لکھے جو ان کی ۶۹ کتابوں میں شامل ہیں۔ زیرِ نظر کہانی ’’اچھوت‘‘ ان کی پہلی کہانی ہے جو انھوں محض سولہ برس کی عمر میں لکھی تھی اور یہ کہانی ان کی کلیات میں شامل ہے ۔ رسکن بونڈ ۱۹ مئی ۱۹۳۴ء کو ہماچل پردیش کے علاقے کاسولی میں پیدا ہوئے۔ان کی تحریریں ہندوستان کے پہاڑی علاقوں، خاص طور پر مسوری اور اس کے آس پاس کی زندگی کو نمایاں کرتی ہیں۔ ان کا پہلا ناول ’’دی روم آن دی روف‘‘ ۱۹۵۶ء میں شائع ہوا ، جو انھوں نے صرف سترہ برس کی عمر میں لکھا تھا، اور اس ناول کو ’جان لیویلین ریز انعام‘ سے نوازا گیا۔ رسکن بونڈ کی مشہور کہانیوں میں ’’دی بلو امبریلا ‘‘، ’’پرائیویٹ زو‘‘ شامل ہیں۔ ان کی تحریریں سادگی، قدرتی حسن اور انسانی جذبات کو بہترین انداز میں پیش کرتی ہیں۔ ادب کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں اعلیٰ اعزازات ’پدم شری‘ ۱۹۹۹ء اور ’پدم بھوشن‘ ۲۰۰۴ء سے نوازا گیا۔ رسکن بونڈ کے ناولوں پر بالی وڈ نے فلمیں اور ڈرامے بھی فلمائے۔
View all posts